اسکولز اور ٹیوشن سینٹرز کی عمارتوں سے متعلق اہم فیصلے متوقع

14

کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر اور باغبانپورہ میں اسکول کی چھت گرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اہم اجلاس طلب کر لیا، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت کل بروز جمعہ اجلاس ہوگا، جس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ مریم نواز نے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کو حادثات سے بچاؤ کا مکمل پلان ساتھ لانے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں سرکاری و نجی اسکولز اور ٹیوشن سینٹر کی عمارتوں سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، جبکہ نئے ایس او پی جاری ہونے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کی وجہ سے ملبے تلے دب کر 14 کم عمر بچے جاں بحق ہوگئے، حادثہ اُس وقت پیش آیا جب بچے زیرِ تعلیم تھے اور چھت پر تعمیرات کا کام جاری تھا۔

چھت پر ضرورت سے زیادہ وزن ہونے کے باعث لوہے کے ٹی آر گارڈر بوجھ برداشت نہ کر سکے اور یکدم ٹوٹ گئے، جس سے منوں وزنی ملبہ نیچے پڑھتے ہوئے بچوں پر جا گرا، واقعے کے وقت سینٹر میں 35 بچے موجود تھے، جن میں سے 14 جانیں ضائع ہوگئی تھیں

آج، باغبانپورہ میں ایسا ہی ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نجی اسکول میں تعمیراتی کام کے دوران چھت گرنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق اور 4 مزدور شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

جہاں ڈاکٹرز نے 10 سالہ ابوبکر کی موت کی تصدیق کر دی، جبکہ زخمی مزدوروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔