اسلام آباد(3 جولائی 2026): عدالت نے نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس والے ایم ٹیگ پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصول کرنے کا نوٹیفکیشن آئندہ سماعت تک معطل کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریوں سے اضافی ٹول ٹیکس کی وصولی کے معاملے پر بڑا فیصلہ سناتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو اضافی رقم لینے سے روک دیا ہے۔عدالت نے نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس والے ایم ٹیگ پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصول کرنے کا نوٹیفکیشن آئندہ سماعت تک معطل کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے نوٹیفکیشن پر حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے این ایچ اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں اور اگلی سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔
شہریوں سے اضافی ٹول ٹیکس کی وصولی کے خلاف دائر اس درخواست کی پیروی ایڈوکیٹ محمد جلال حیدر نے کی، جس پر عدالت نے شہریوں کو عبوری ریلیف فراہم کرتے ہوئے اضافی ٹیکس کی وصولی فوری طور پر روکنے کا حکم دیا۔