وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے دورے پر استنبول پہنچ گئے ، اتاترک ایئر پورٹ پر پُرتپاک استقبال

6

استنبول : وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے دورے پر استنبول پہنچ گئے، جہاں وہ ترک صدر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے پر بات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایران کا اہم دورہ مکمل کرنے کے بعد ترکیہ کے تاریخی شہر استنبول پہنچ گئے، وہ ایرانی قیادت سے اظہارِ تعزیت اور وہاں مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے فوراً بعد ترکیہ روانہ ہوئے تھے۔

استنبول کے اتاترک ایئر پورٹ پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا، استقبال کرنے والوں میں ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام، ترکیہ میں متعین پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور سفارتخانے کا دیگر عملہ شامل تھا۔

وزیراعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر استنبول گئے ہیں ، وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر اہم سرکاری حکام شامل ہیں۔

اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کے درمیان ون ٹو ون اور وفود کی سطح پر تفصیلی ملاقاتیں ہوں گی،

دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کا بنیادی محور دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانا اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا جبکہ مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں دونوں برادر ممالک کے سربراہان علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر گہرا تبادلۂ خیال کریں گے۔

اپنے قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی بزنس کانفرنس سے کلیدی خطاب کریں گے، اس کانفرنس میں ترکیہ کے مایہ ناز کاروباری رہنما، سرمایہ کار اور کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندے شرکت کریں گے۔

جس میں خصوصی اقتصادی زونز ، توانائی، آئی ٹی ، نجکاری سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر گفتگو ہوگی۔