کراچی : ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کے حوالے سے سپارکو کی پیش گوئی بھی سامنے آگئی ، جس میں بتایا گیا کہ 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند سے متعلق اہم پیشگوئی کردی۔
سپارکو نے بتایا کہ ربیع الاول کا نیا چاند 12 اگست 2026 کو رات 10 بج کر 37 منٹ پر پیدا ہونے کا امکان ہے۔
فلکیاتی حسابات کے تحت 13 اگست کی شام غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 20 گھنٹے 53 منٹ ہوگی، جبکہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور چاند غروب ہونے کے درمیان تقریباً 32 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔
سپارکو کا مزید کہنا تھا کہ فلکیاتی عوامل کی بنیاد پر 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔
اس حساب سے یکم ربیع الاول 1448 ہجری ہفتہ 15 اگست 2026 کو ہونے کا امکان ہے، تاہم ربیع الاول کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور تصدیق شدہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینے کے آغاز کا فیصلہ کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے۔