قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کل 12 ربیع االاول کو ہو گی، رواں سال مقابلہ مقالات سیرت کا موضوع “نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں” مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کل 12 ربیع الاول کو منعقد ہوگی، جس میں ممتاز علماء، مشائخ، دانشور، محققین اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ رواں سال مقابلہ مقالات سیرت کا موضوع “نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں” مقرر کیا گیا ہے، موضوع پر بہترین مقالہ پیش کرنے والے شرکا کو نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔
سیرت کانفرنس کے موقع پر جید علماء کرام اور معروف سکالرز اپنے خیالات کا اظہار کریں گے، جبکہ نوجوان نسل کو درپیش فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سیرت النبی ﷺ نوجوان نسل کے لیے کردار سازی اور مثبت طرز زندگی کی مضبوط بنیاد ہے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے سیرت النبی ﷺ کے فروغ کے لیے ملک گیر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔