پمز سانحہ: وزیر صحت سے استعفے کا مطالبہ، سیاسی رہنماؤں کا ردعمل

14

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی سے 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر مختلف سیاسی رہنماؤں کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے، فواد چوہدری نے وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پمز اسپتال کے بچوں کے وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے میں بچوں کی ہلاکت پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت کو بچوں کی جانوں کے ضیاع کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے اور افسوسناک واقعے کی ذمہ دار انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، محض معطلی اور تبادلہ کافی سزا نہیں ہوگی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس انتہائی افسوسناک واقعے پر وفاقی وزیر صحت کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا، ذمہ داران کا احتساب ضروری ہے۔