کیا پاکستان میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگنے والی ہے؟

19

تفصیلات کے مطابق 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج سماعت ہوگی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر شہری وقاص ناصر کی جانب سے دائر درخواست پر کچھ دیر بعد سماعت کریں گے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لیے عمر کی مؤثر تصدیق کا نظام وضع کیا جائے تاکہ کم عمر بچوں کو آن لائن پلیٹ فارمز کے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

درخواست گزار نے بچوں کو سائبر بُلنگ، آن لائن ہراسگی اور نقصان دہ مواد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے قانون سازی کی بھی استدعا کی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے جامع قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دیا جائے، تاکہ کم عمر صارفین کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول یقینی بنایا جاسکے۔