گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات آج کراچی میں ہوں گے

112

کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال چھٹے روز میں داخل ہوگئی ، تاہم حکومت سے مذاکرات آج کراچی میں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطاب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے جاری ملک گیر ہڑتال کے چھٹے روز وفاقی و صوبائی حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان اہم مذاکرات آج کراچی میں ہوں گے۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ آج ہونے والے اہم مذاکرات میں وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شریک ہوں گے۔

اس کے علاوہ چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی اور ڈی آئی جی کراچی بھی مذاکراتی نشست کا حصہ ہوں گے۔

ملک شہزاد اعوان نے ہڑتال کے حوالے سے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی پرامن ہڑتال چھٹے روز بھی بلا تعطل جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ہڑتال مطالبات کی باقاعدہ منظوری تک غیر معینہ مدت کے لیے جاری رہے گی اور ٹرانسپورٹرز وفاقی يا صوبائی حکومت کی کسی محض شفوی یا تحریری “یقین دہانی” میں نہیں آئیں گے۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے رہنماؤں نے یہ شرط عائد کی ہے کہ جب تک تمام جائز مطالبات تسلیم کر کے ان کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کر دیا جاتا، تب تک ملک گیر ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔