لاہور میں بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منائی جائیگی،ڈپٹی کمشنر لاہور نے 3 روزہ بسنت کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔
واضح رہے رواں سال پنجاب میں بسنت کی تقریبات 25 سال بعد بحال کی گئی تھیں، جو 6 فروری سے شروع ہو کر 8 فروری تک جاری رہیں۔پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دہلی گیٹ کی چھت پر پتنگ اُڑا کر جشن بسنت کا افتتاح کیا تھا۔
ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ انتظامیہ شہریوں کی حفاظت اور نظم و ضبط کے لیے پُرعزم ہے،بسنت کو یادگار بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
امسال پتنگوں پر کسی شخصیت، ملک یا سیاسی جماعت کے جھنڈے یا تصویر لگانے پر بھی پابندی عائد تھی۔ پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دھاتی تار، نائلون یا شیشے سے لیپ شدہ ڈور پر مکمل پابندی ہے۔
قانون کی خلاف ورزی پر پانچ سال قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ، جبکہ ممنوعہ مواد کی تیاری یا فروخت پر سات سال قید اور پچاس لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔