7 ماہ کی حاملہ خاتون کا بہیمانہ قتل ، گلا کاٹ کر لاش کھیت میں پھینک دی گئی

98

علی پور : 7 ماہ کی حاملہ خاتون کے بہیمانہ قتل کا واقعہ پیش آیا ، جہاں خاتون کا گلا کاٹ کر لاش کھیت میں پھینک دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق علی پور کے علاقے میں ایک انتہائی دردناک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 7 ماہ کی حاملہ خاتون کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا اور لاش کھیتوں میں پھینک دی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت آسیہ کے نام سے ہوئی ہے جو گزشتہ روز پراسرار طور پر لاپتا ہو گئی تھی، جس کی گمشدگی کا مقدمہ تھانہ صدر میں مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

مقتولہ کے بھائی کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کا شوہر اپنی بیوی پر شک کرتا تھا اور اسے اکثر تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔

مقدمے میں کہا گیا کہ 10 اگست کو جب بھائی اپنی بہن کا حال احوال پوچھنے کے لیے بہنوئی کے گھر گیا تو وہاں آسیہ موجود نہیں تھی، پوچھ گچھ پر شوہر نے بتایا کہ “آپ کی بہن غائب ہو گئی ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ وہ کہاں گئی ہے”۔

تلاشی کے دوران پولیس نے کھیت سے مقتولہ کی گلا کٹی لاش برآمد کر لی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر عرفان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام قانونی و تفتیشی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دلائی جا سکے۔