پاکستان کا 79 واں یوم آزادی ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

57

وطن عزیز پاکستان کا 79 واں یوم آزادی ملک بھر اور آزاد کشمیر میں بھرپور ملی جوش وجذبے اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، تحفظ اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہو کر کام کرے گی۔

جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں دن کا آغاز قرآن خوانی سے ہوا۔ نماز فجر کے وقت پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ علمائے کرام نے یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ سلامی کے بعد مسلح افواج کے جوانوں کے نعرہ تکبیر سے فضا گونج اٹھی۔ مساجد میں ملک وقوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جب کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور گورنر نہال ہاشمی نے مزار پر حاضری دے کر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مختلف اسکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کیے۔

یوم آزادی کے موقع پر ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد گئیں۔ سرکاری اور نجی اسکولوں، ٹاؤن میونسپل دفاتر اور کئی سرکاری اداروں میں بھی پرچم کشائی اور جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔