جڑواں شہروں میں رات سے مسلسل بارش جاری، پنڈی میں ہائی الرٹ، رین ایمرجنسی نافذ

56

راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ روز سے مسلسل بارش جاری ہے پنڈی میں ہائی الرٹ کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

جڑواں شہروں میں چوتھے روز بھی موسلادھار بارش جاری ہے اور گزشتہ شب شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ اب تک نہیں تھما ہے۔

صبح پانچ بجے تک 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں اور نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔

مسلسل بارش کے بعد واسا راولپنڈی میں ہائی الرٹ کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا عزیز اللہ کے مطابق نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اس وقت نالہ لئی کٹاریاں کے مقام پر پانی کا لیول 8 فٹ، گوالمنڈی پل پر 6 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر واسا کی ہیلپ لائن 1334 پر رابطہ کریں۔

اس کے علاوہ گجرات اور سرائے عالمگیر میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ جلال پور نٹاں اور کھاریاں ڈنگا میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے جب کہ شہر کے بیشتر فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

جہلم، ڈسکہ، وزیر آباد، ٹیکسلا، واہ، روات، مندرہ، جاتلی، کہوٹہ، کلر سیداں اور گوجر خان میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ میر پور آزاد کشمیر، منگلا ڈیم، ڈڈیال، چکسوار، اسلام گڑھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے۔